بیجنگ(شِنہوا) ایک چینی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنی نے ایک اہم تکنیکی سنگ میل عبور کرتے ہوئے بغیر کسی تبدیلی کے کمرشل سمارٹ فونز کے ذریعے سیٹلائٹ پر براہ راست وائس کالز کامیابی سے مکمل کر لی ہیں۔
شنگھائی میں قائم کمپنی سپیس سیل نے اعلان کیا کہ یہ چین میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جس کے دوران مکمل مواصلاتی رابطہ ہموار اور مستحکم رہا اور آواز کا معیار بھی بہترین پایا گیا۔
اس ماہ کے آغاز میں چین نے ژو چھوے- ای 2 راکٹ کے ذریعے 2 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے تھے جن میں ایک سپیس سیل ڈی ٹی سی 01 بھی شامل ہے۔ یہ تجرباتی سیٹلائٹ ڈائریکٹ ٹو سیل سروسز اور مربوط خلائی و زمینی نیٹ ورکنگ کے اہم ٹیکنالوجی ٹیسٹ کے لئے تیار کیا گیا ہے جو سیٹلائٹ کمیونیکیشن کو 5جی/6جی ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے میں مدد دے گا۔
کمپنی کے مطابق اس کی ڈائریکٹ-ٹو-سیل ٹیکنالوجی کے لئے عام موبائل فون میں کسی ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر تبدیلی کی ضرورت نہیں ہوتی اور فیلڈ ٹیسٹ میں مکمل سگنل طاقت اور 5جی کے برابر وائس کوالٹی حاصل ہوئی۔ یہ ٹیکنالوجی موجودہ موبائل نیٹ ورکس کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کی وجہ سے مستقبل میں خلائی اور زمینی رابطوں کے گہرے انضمام کی راہ ہموار کرتی ہے۔


