لندن (لارڈ میڈیا): برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں بیڈفورڈ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے تصادم میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 89 افراد زخمی ہو گئے۔ برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق حادثہ جمعے کی شام 5 بج کر 15 منٹ پر بیڈفورڈ کے جنوب میں پیش آیا، جہاں ایسٹ مڈلینڈز ریلوے کی دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 11 افراد کو انتہائی تشویشناک، 22 کو شدید اور 56 افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ ایسٹ آف انگلینڈ ایمبولینس سروس کے مطابق امدادی آپریشن میں 20 سے زیادہ ایمبولینسوں اور 6 ایئر ایمبولینسوں نے حصہ لیا۔


