بیروت (شِنہوا) یونیسف نے کہا ہے کہ مارچ کے اوائل سے لبنان میں لڑائی میں شدت آنے کے بعد اڑھائی سو کے قریب بچے مارے جا چکے ہیں اور تقریباً ایک ہزار زخمی ہو ئے ہیں۔ یونیسیف نے متنبہ کیا ہے کہ طویل عرصے سے جاری تشدد ملک کی کم عمر آبادی پر بڑھتے ہوئے منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔
یونیسف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2 مارچ سے اب تک 247 بچے جاں بحق اور 992 زخمی ہوئے ہیں۔ ادارے کے مطابق لاکھوں دیگر بچے بے گھر ہونے، عدم تحفظ اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹوں کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ادارے نے اندازہ لگایا ہے کہ 7 لاکھ 70 ہزار سے زائد بچے تشدد کے نفسیاتی اور جذباتی اثرات سے متاثر ہیں، جبکہ سکیورٹی خدشات اور پھٹ نہ سکنے والے گولہ بارود کے باعث بہت سے خاندان اب بھی اپنے علاقوں میں واپس نہیں جا پا رہے۔
یونیسف نے لڑائی کے خاتمے، شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور انسانی امدادی تنظیموں کو متاثرہ آبادی تک بلا رکاوٹ رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


