لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے اوپن نیلامی منعقد کی، لیکن صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے دیے جا سکے۔ باقی 10 ٹرینوں کے لیے کوئی بڈ موصول نہ ہونے پر ان کی آؤٹ سورسنگ مؤخر کر دی گئی۔
پاکستان ریلوے کو 5 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ سے 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی۔ عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور نارووال پسنجر نجی شراکت داروں کے سپرد کی گئیں۔
عوام ایکسپریس 3 ارب 56 کروڑ روپے، قراقرم ایکسپریس 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ روپے، میانوالی ایکسپریس 40 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے میں آؤٹ سورس کی گئی۔
پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے 25 ارب روپے سے زائد کا بنچ مارک مقرر کیا تھا، لیکن 10 ٹرینوں کے لیے مقرر کردہ بنچ مارک زیادہ ہونے کی وجہ سے کمپنیاں بڈز جمع کرانے سے گریزاں رہیں۔
ترجمان پاکستان ریلوے نے کہا کہ بنچ مارک زیادہ رکھنے کا مقصد ادارے کے لیے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنا تھا۔ پانچ ٹرینوں کی آکشن بہترین ریٹس پر کی گئی، اور ریلوے نے اپنے اہداف کے مطابق بہترین آمدن حاصل کی ہے۔


