کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کراچی میں ڈبل ڈیکر اور جدید الیکٹرک (ای وی) بسوں کی ایک بڑی تعداد پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بسیں مرحلہ وار مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے وژن پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پیپلز بس سروس کی کامیابی کے بعد اب ای وی بسوں اور ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد بھی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں شامل کی جا رہی ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ کے منصوبے صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کی کوشش ہیں۔ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہونے کے ساتھ کم لاگت اور آرام دہ سفر کی سہولت بھی فراہم کریں گی۔
شرجیل میمن کے مطابق مزید ڈبل ڈیکر بسوں کی شمولیت شہر کی خوبصورتی اور ٹرانسپورٹ کلچر کو نئی پہچان دے گی۔ یہ اقدام جدید اور ترقی یافتہ کراچی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


