اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے لیے 100 میگا واٹ شمسی بجلی منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ منصوبے کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی اور حکام کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کریں اور جلد مکمل کریں۔ انہوں نے شفافیت کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی بھی ہدایت دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگا واٹ شمسی توانائی کا منصوبہ شامل ہے، جو دسمبر تک مکمل ہوگا جبکہ بلتستان ڈویژن کی سولرائزیشن اکتوبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ گلگت، سکردو، چلاس اور خپلو میں گھروں کے لیے 82 میگا واٹ کے سولر منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔


