جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں منگل سے جمعرات تک منعقد ہونے والی ’ساؤتھ افریقہ انفراسٹرکچر ایکسپو‘ میں چین کی صنعتی پیداوار کے شعبے کی ترقی نے بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔
’بگ فائیو کنسٹرکٹ ساؤتھ افریقہ‘ اور ’ٹرانسپورٹ ایوولوشن افریقہ‘ کے ساتھ منعقد ہونے والی یہ ایکسپو انفراسٹرکچر، نقل و حمل اور تعمیرات کے شعبوں پر مشتمل ایک جامع صنعتی پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر گئی۔ اس میں 25 سے زائد ممالک اور خطوں سے نمائش کنندگان شریک ہوئے۔
ایکسپو میں تقریباً 120 چینی کمپنیوں نے حصہ لیا ۔ چینی کمپنیوں نے تعمیراتی مشینری، پائپ لائن اور آبی سہولیات، سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والےمواد، تعمیراتی سامان اور ہارڈویئر اور ذہین نقل و حمل سے متعلق اپنی تیار کردہ مصنوعات اور خدمات کی نمائش کی۔
چین کے نمائش کنندگان جنوبی افریقہ کی منڈی میں امکانات دیکھتے ہیں۔ افریقی منڈی میں انفراسٹرکچر کی بڑھتی ہوئی طلب اور آلات کی کارکردگی، آپریٹنگ اخراجات اور بعد از فروخت خدمات کے حوالے سے صارفین کی بڑھتی ہوئی توقعات مقامی ضروریات کے مطابق مصنوعات اور حل کی گنجائش پیدا کر رہی ہیں۔
بھاری مشینری بنانے والی معروف چینی کمپنی سانی گروپ کے سٹال پر بجلی سے چلنے والےہیوی ٹرک، فورک لفٹ اور ٹیلی ہینڈلر کی بطور خاص نمائش کی گئی۔ کمپنی نے تعمیرات، لاجسٹکس اور گوداموں کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مشینری کی برقی کاری میں اپنی پیش رفت کو بھی نمایاں کیا۔
سانی میرین ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے انٹرنیشنل مارکیٹنگ منیجر گوان دی کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط صنعتی بنیاد رکھتا ہے اور اس کا نقل و حمل کا نظام بھی نسبتاً ترقی یافتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس منڈی میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی): گوان دی، انٹرنیشنل مارکیٹنگ منیجر، سانی میرین ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ
’’جنوبی افریقہ میں ایندھن کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ اس لئے ہم صارفین کو ایک نیا اور مؤثر حل بھی پیش کرنا چاہتے ہیں۔
جنوبی افریقہ ان افریقی ممالک میں شامل ہے جہاں صنعتی ترقی نسبتاً زیادہ ہے۔ یہاں کا بجلی کا شعبہ اور نقل و حمل کا نظام بھی نسبتاً زیادہ ترقی یافتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے جنوبی افریقہ کو اپنی اہم منڈیوں میں شامل کیا ہے۔ یہ منڈی اپنے اندر بے پناہ امکانات رکھتی ہے۔‘‘
جیسے جیسے صارفین آلات کی قابلِ اعتماد کارکردگی، آپریٹنگ اخراجات اور بعد از فروخت خدمات پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ویسے ویسے افریقی منڈیوں میں چینی کمپنیوں کی مصنوعات کے معیار، خدمات کے نیٹ ورکس اور صارفین کی ضروریات کے مطابق مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت مزید اہم ہوتی جا رہی ہے۔
بڑی تعمیراتی مشینری بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ انفراسٹرکچر سے متعلق شعبوں میں کام کرنے والے چین کے نجی ادارے بھی افریقہ میں اپنی موجودگی مزید مستحکم کرنے کے لئے جنوبی افریقہ کو ایک اہم مرکز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
شَنشی جن بیاؤ فوٹو الیکٹرک ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کی جنرل منیجر جِن دان دان نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ میں ایکسپو میں شریک ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی رواں برس افریقی منڈی میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (چینی): جِن دان دان، جنرل منیجر، شانشی جن بیاؤ فوٹو الیکٹرک ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ
’’رواں برس ہمارا ارادہ ہے کہ افریقی منڈی میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم بنائیں۔ ہمارے صارفین پہلے ہی کینیا، تنزانیہ اور نائیجیریا میں موجود ہیں۔ ہماری مصنوعات میں اب اوریجنل ڈیزائن مینوفیکچرر (او ڈی ایم) کے تحت حسبِ ضرورت ڈیزائن اور تیاری پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ہم صارفین کی ضروریات کے مطابق مصنوعات تیار کر سکتے ہیں۔‘‘
جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


