ہومبیلٹ اینڈ روڈ+سی پیکچین اور منگولیا کے وزرائے خارجہ کا تعلقات اور تعاون کے حوالے...

چین اور منگولیا کے وزرائے خارجہ کا تعلقات اور تعاون کے حوالے سے مشترکہ پریس اعلامیہ جاری

اولان باتور (شِنہوا) منگولیا کے وزیر خارجہ باتمونخ باتسیت سیگ اور دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی کے درمیان مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی اور باہمی فائدہ مند تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔

ہفتے کے روز شروع ہونے والے تین روزہ دورے میں دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کی آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور منتخب ترقیاتی راستوں کے احترام کی توثیق کی اور ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف کسی فوجی یا سیاسی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے، نہ ہی کسی ایسے تیسرے ملک کے ساتھ معاہدہ کریں گے جو دوسرے کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچائے اور نہ ہی اپنی سرزمین کو کسی تیسرے ملک کو اس مقصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔

منگولیا نے ایک بار پھر ایک چین کے اصول سے اپنی مضبوط وابستگی، تائیوان کی آزادی کی مخالفت اور چین کے پرامن اتحاد کی حمایت کا اعادہ کیا۔ منگولیا نے یہ بھی کہا کہ شی زانگ، ہانگ کانگ اور سنکیانگ سے متعلق معاملات چین کے داخلی امور ہیں۔

دونوں ممالک نے ترقیاتی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ بنانے، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون اور منگولیا کے اسٹیپ روڈ پروگرام کے تحت منصوبوں کو آگے بڑھانے، مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے حجم، معیار اور سطح کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ منگولیا نے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کے قیام اور گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو کی حمایت کا اعادہ کیا۔

چین نے شمال مشرقی ایشیا کی سلامتی کے لئے اولان باتور ڈائیلاگ کی میزبانی میں منگولیا کے کردار کو سراہا۔

دونوں فریقوں نے ہر قسم کی فسطائیت اور عسکریت پسندی کی مخالفت اور مذمت کرنے، عالمی امن و سلامتی کے تحفظ اور بین الاقوامی عدل وانصاف کے فروغ پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے چین، منگولیا اور روس کے درمیان سہ فریقی تعاون کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین-منگولیا-روس اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عملدرآمد علاقائی خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)، اپیک اور برکس جیسے کثیرملکی اداروں کا بڑھتا ہوا سیاسی اور اقتصادی اثر علاقائی تعاون کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں