ہومانٹرنیشنلامریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط چند دنوں میں ممکن ہیں،...

امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط چند دنوں میں ممکن ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

تہران (شِنہوا) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط آئندہ چند دنوں میں ہو سکتے ہیں۔

سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیئے جانے کے بعد دونوں ممالک اپنے اپنے ملکوں میں ڈیجیٹل طور پر اس پر دستخط کریں گے جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ممکنہ دستخط کے بعد دونوں فریق اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ کوئی نئی جنگ شروع نہیں کریں گے اور پھر مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا جو 60 روزہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ ان مذاکرات میں بنیادی توجہ ایران کے جوہری پروگرام اور پابندیوں کے خاتمے پر ہوگی۔

عراقچی نے زور دے کر کہا کہ تہران کے نزدیک ایران کے اعلیٰ درجے تک افزودہ یورینیم سے نمٹنے کا واحد قابل قبول طریقہ یہ ہے کہ اسے ایران کی سرزمین کے اندر ہی کم افزودہ کیا جائے۔

عراقچی نے یہ بھی بتایا کہ ممکنہ مفاہمتی یادداشت میں تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شقیں شامل ہوں گی، جن میں لبنان بھی شامل ہے اور اس کے تحت اسرائیل کو مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرنا ہوگا۔

عراقچی کے مطابق یادداشت کے دیگر اہم نکات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا، ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ اور ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہیں۔

آبنائے ہرمز کے بارے میں عراقچی نے کہا کہ اس کا انتظام یقیناً جنگ سے پہلے والے نظام کی طرف واپس نہیں جائے گا۔ ایران اپنی خودمختاری اور فوجی موجودگی برقرار رکھے گا تاہم بین الاقوامی قانون کے مطابق ایک قانونی نظام قائم کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے گزرنے والی بحری آمدورفت پر ٹول ٹیکس کے امکان کو مسترد کیا، البتہ کہا کہ خدمات کے عوض فیس وصول کرنا معقول ہوگا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں