نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے دہلی ہائی کورٹ میں فلم ‘کالا ہرن: دی بیٹل فور جسٹس’ کی ریلیز روکنے کی درخواست دائر کی ہے۔ سلمان خان نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ فلم کے میکرز نے ان کی شخصیت اور تشہیری حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کی قانونی ٹیم کے مطابق فلم کے ابتدائی پوسٹر میں اداکار کے مشہور بریسلٹ کی مشابہت کی وجہ سے ناظرین کو غلط تاثر مل سکتا ہے۔
قانونی ٹیم نے یہ بھی کہا کہ فلم کے مناظر یا کردار سامعین کو بغیر اجازت سلمان خان سے جوڑ سکتے ہیں، جبکہ کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے اداکار کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم سلمان خان کی زندگی پر مبنی نہیں ہے بلکہ بشنوئی برادری اور جنگلی حیات سے ان کے تعلق کو موضوع بنایا گیا ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے مقرر کر دی ہے۔


