کلیئر واٹر (لارڈ میڈیا): لیجنڈری امریکی ریسلر ہلک ہوگن کی موت کے حوالے سے جاری تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور ان کی وفات کی اصل وجہ قدرتی وجوہات سے قرار دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جینی بولیا تھا، جولائی 2025 میں 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کلیئر واٹر کے پولیس ڈیپارٹمنٹ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ ایک طبی ایمرجنسی کا معاملہ تھا اور اس میں کسی جرم یا سازش کے شواہد نہیں ملے۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس کو باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا ہے اور حکام نے اس موت کو قدرتی وجوہات کی بنا پر قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہلک ہوگن کی موت کی وجہ ایک قدرتی بیماری بتائی گئی ہے جبکہ کسی بھی تشدد، زہریلے مادے یا بیرونی مداخلت کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
پولیس نے کہا کہ جولائی 2025 میں انہیں اپنے گھر میں اچانک طبی ایمرجنسی پیش آئی، جس پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور سی پی آر بھی دیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود وہ صبح 11 بج کر 17 منٹ پر دم توڑ گئے۔ ان کی تیسری اہلیہ اس وقت گھر میں موجود تھیں جب ایمرجنسی سروسز وہاں پہنچی تھیں۔


