اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر گلوبل ٹائمز نے پاک چین دوستی کو مضبوط، قابلِ اعتماد اور مثالی شراکت داری قرار دیا ہے۔ گلوبل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی سٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور طویل عرصے پر مشتمل شراکت داری پر مبنی ہے۔
گزشتہ 75 برسوں کے دوران عالمی سیاسی تبدیلیوں، معاشی اتار چڑھاؤ اور مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چین نے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی خودمختاری کی حمایت کی جبکہ پاکستان نے بھی عالمی سطح پر چین کی حمایت کی۔
پاک چین تعلقات صرف معاشی مفادات تک محدود نہیں بلکہ یہ گہری سٹریٹجک شراکت داری اور جذباتی وابستگی پر مبنی ہیں۔ پاکستان ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے چین کو تسلیم کیا۔ سکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان ملک میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون خصوصاً چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ذریعے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جو مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے خواب کی تعبیر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی نے چین، امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔


