اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگرد حملوں کے تسلسل نے ہمارے صبر کا امتحان لیا ہے، اس لیے شہریوں اور اداروں پر حملے مزید برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور ہزاروں شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سرحد پار سے منصوبہ بندی اور مالی معاونت یافتہ دہشتگردی کا سامنا ہے اور کوئی بھی ذمہ دار ریاست اپنی خودمختاری پر حملے برداشت نہیں کر سکتی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے سرحدی علاقوں میں اپنی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور افغانستان سے یقین دہانی چاہتا ہے کہ اس کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔
بھارت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ وہاں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کی صورتحال پر پاکستان کو شدید تشویش ہے اور یورپی یونین سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں سے رابطے میں ہے۔


