شگر (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کسی دباؤ میں آکر انتخابات سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور کامیابی حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے شگر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابی نشان چھیننے اور پابندیوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدوار کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابات سے باہر کرنے اور مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں این او سی کی شرط کو ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی حقوق اور این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دیا جائے۔ قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے ذریعے ان کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق گلگت بلتستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، عوام کا اعتماد آج بھی بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ زیادہ سیاسی دباؤ ڈالا گیا تو اسمبلیوں اور سینیٹ سے بائیکاٹ پر غور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے عوامی حمایت کو پی ٹی آئی کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔


