اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے پالیسی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے صنعت و تجارت کو فروغ دینا اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ضروری ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، برآمدات بڑھانے اور صنعتی پیداوار میں اضافہ کے لئے موثر پالیسی اقدامات حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو متبادل ذرائع سے پورا کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ سستی اور مؤثر الیکٹرک وہیکلز پالیسی کی ضرورت ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت کے لئے وزارتوں اور ماہرین کی بامعنی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پالیسیز کی تشکیل و نفاذ کے لئے تمام وزارتوں کا باہمی تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ اجلاس میں مختلف پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے شرکت کی۔


