شگر (لارڈ میڈیا): پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پارٹی نے کبھی فارم 47 کے ذریعے حکومت مانگی نہیں اور نہ ہی کبھی سلیکشن کی خواہش ظاہر کی۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خطے کے عوام تین نسلوں سے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیتے آ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور پسماندہ طبقات کی نمائندگی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ ان کے بقول ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کی آواز بلند کی اور بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سے نو نشستیں چھینی گئیں، مگر پارٹی نے محدود نمائندگی کے باوجود عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو نے کارکنوں پر زور دیا کہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں، ووٹ کا تحفظ کریں اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی غیر جمہوری حمایت کی خواہش نہیں کی بلکہ ہمیشہ عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے لیے زیادہ خودمختاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے فیصلے مقامی عوام کو کرنے چاہئیں، نہ کہ اسلام آباد میں بیٹھے بیوروکریٹس۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے جنگوں اور تنازعات کی مخالفت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی تاریخی طور پر امن کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے معاشی بحران سے نکلنے کے لیے قومی یکجہتی اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔


