اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ایلیٹ ٹریننگ سکول میں ریپلنگ ٹاور پر 80 فیصد اور جاگنگ ٹریک و آبسٹیکلز پر 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایلیٹ سکول کی فائرنگ رینج اور باونڈری وال کو آئندہ دو ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ نیشنل پولیس اکیڈمی کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں ایم سی ایم سی کورس پر نظرثانی کی اصولی منظوری دی گئی اور تمام کلاس رومز کو جدید آئی ٹی سہولیات سے لیس کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔


