ہومپاکستانوزیراعظم سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، علاقائی چیلنجز کے باوجود...

وزیراعظم سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، علاقائی چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام کیلئے حکومتی اقدامات جاری رکھنے کا عزم

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام کیلئے حکومتی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔

منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کے سینئر حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر (ایشیا پیسفک) پیٹرس اسٹبس وفد کررہے تھے جبکہ وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز، یورپین انویسٹمنٹ بینک کی تھوریا تریکی، ایڈیڈاز کے نائب صدر مینیول پازر، ایندراتز کے نائب صدر کارل شلوگل بار اور آئیکیا کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے، پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس شامل تھے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر خان کے علاوہ سینئر حکومتی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے۔

یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت یورپی یونین کیساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سمیت علاقائی چیلنجوں کے باوجود حکومت پاکستان معیشت کے استحکام کے لیے کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ اپنی دو حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کا بھی ذکر کیاجس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و یورپی یونین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

یورپی یونین کے وفد نے خطے میں امن کی کوششوں میں وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کی میزبانی میں بھرپور تعاون پر حکومت کی تعریف کی۔ وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان توانائی، مواصلات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں