وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم سے ہزاروں افراد مستفید، پنجاب میں زرعی انقلاب آئے گا، مریم نواز دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی، کسانوں کی خوشحالی، زرعی ترقی کو اولین ترجیح بنا چکی ہیں۔
جاری بیان میں عظمی بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے بیروزگاروبے زمین افراد کیلئے ‘اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم’کا اجراء کردیا ہے، قبل ازیں حکومت اپنی چھت اپنا گھر اور بے گھر افراد میں مفت پلاٹس کی تقسیم جیسے منصوبے بھی متعارف کرا چکی ہے، نئی سکیم کے تحت زرعی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم وزیراعلی مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس سے صوبے میں زرعی انقلاب آنے کی توقع ہے اور ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت بے زمین دیہاتیوں کو زمین فراہم کرنے کیساتھ 50ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی گرانٹ بھی دے گی، مجموعی طور پر 160ارب روپے مالیت کی اراضی تقسیم کی جا رہی ہے جو صرف کاشتکاری کیلئے استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں ، وہ کسانوں کی خوشحالی و زرعی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنا چکی ہیں۔
عظمی بخاری نے بتایا کہ اسی وژن کے تحت کسانوں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے ۔


