بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ بچپن میں ویشنو دیوی یاترا کے دوران وہ شدید بیمار ہو کر بیہوش ہو گئے تھے اور صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اکشے کمار نے کہا کہ میری پیدائش والدین کی ویشنو دیوی کے مندر پر کی گئی دعائوں کا نتیجہ تھی، والدین نے اولاد کیلئے دعا کی تھی اور ایک سال بعد میں پیدا ہو گیا، پہلی سالگرہ کے بعد والدین مجھے شکرانے کے طور پر ویشنو دیوی کے مندر لے گئے تاہم راستے میں میری طبیعت اچانک خراب ہو گئی، مجھے تیز بخار ہوا جو 103سے 104ڈگری تک پہنچ گیا اور میں بیہوش ہو گیا، ڈاکٹر نے والدین کو مشورہ دیا کہ مجھے دہلی لے جایا جائے کیونکہ 1969 میں وہاں مناسب طبی سہولتیں موجود نہیں تھیں، اس نازک صورتحال کے باوجود میری والدہ نے ہمت نہیں ہاری اور یقین کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماتا رانی نے بیٹا دیا ہے تو واپس بھی لے سکتی ہیں لیکن میں یاترا ادھوری چھوڑ کر واپس نہیں جائوں گی۔
انکا کہنا تھا کہ والدین مجھے گود میں اٹھائے مندر تک پہنچے جہاں انہوں نے مجھے نہلایا دعا کی اور اشکبار آنکھوں سے عبادت کی، اسی دوران ایک اجنبی نے میرے والد سے کہا آپکے بیٹے کی مسکراہٹ بہت خوبصورت ہے جس پر جب انہوں نے دیکھا تو میں واقعی مسکرا رہا تھا اور میرا بخار بھی معمول پر آ چکا تھا، میں مکمل طور پر صحتیاب ہو گیا تھا یہ ایک روحانی تجربہ تھا۔


