واشنگٹن (شِنہوا) امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی افواج پیر کو مشرقی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والی تمام بحری آمدورفت کی ناکہ بندی شروع کردیں گی۔
سنٹرل کمانڈ کے بیان کے مطابق یہ ناکہ بندی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے مطابق نافذ کی جائے گی اور یہ تمام ممالک کے ان جہازوں پر بلاامتیاز لاگو ہوگی جو ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں میں داخل ہوں گے یا وہاں سے روانہ ہوں گے، ان بندرگاہوں میں خلیج عرب اور خلیج عمان میں واقع ایران کی تمام بندرگاہیں شامل ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی پوسٹ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی سنٹرل کمانڈ کی افواج آبنائے ہرمز سے غیر ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے جانے والے جہازوں میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گی۔
یہ بیان اس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جب ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو روکنا شروع کرے گی۔
فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کےلئے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے جہاز تعینات کریں گے ۔
آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی سے متعلق ٹرمپ کے بیان کے بعد ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کی بحری کمانڈ نے اتوار کو خبردار کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی غلط قدم سے دشمن مہلک بھنور میں پھنس سکتاہے۔


