ہومانٹرنیشنلاسرائیلی حملے، بیروت کے سپتال زخمیوں سے بھر گئے، ادویات کی قلت...

اسرائیلی حملے، بیروت کے سپتال زخمیوں سے بھر گئے، ادویات کی قلت کا خدشہ

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد ہسپتال زخمیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ طبی سہولیات اور ضروری سامان تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں ملک بھر میں 100سے زائد مقامات کو چند منٹوں میں نشانہ بنایا گیا جس کے بعد سینکڑوں زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، بیروت کے ہسپتال میں ایک گھنٹے کے اندر 70سے زائد زخمی لائے گئے جن میں سے کئی جانبر نہ ہو سکے۔

لبنانی وزارت صحت کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق حملوں میں 300سے زائد افراد جاں بحق، ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔امدادی کارکنوںکے مطابق کئی خاندان اپنے لاپتہ عزیزوں کو تلاش کرتے ہوئے ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں جس سے صورتحال مزید دلخراش ہو گئی ہے۔

لبنانی ریڈ کراس کے حکام نے صورتحال کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال پہلے ہی محدود وسائل کیساتھ کام کر رہے تھے اور اب یہ حملے نظامِ صحت پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں، کئی ہسپتالوں میں ادویات اور طبی آلات کی قلت پیدا ہو رہی ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ چند دنوں میں اہم طبی کٹس ختم ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق لبنان پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہے اور جنگی حالات کے باعث درآمدات و برآمدات متاثر ہونے سے ادویات کی فراہمی مزید مشکل ہو گئی ہے، بجلی کی کمی کے باعث ہسپتال جنریٹرز پر چل رہے ہیں جس سے اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خون کے عطیات دینا شروع کر دئیے ہیں تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بحران کا اصل حل جنگ کا خاتمہ ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں