ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی پر پاکستان کی سیاسی شخصیات نے پاکستانی سول و عسکری قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے انکو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عالمی تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی موثر ثالثی سے دنیا بھر کو ریلیف ملے گا۔
ایم کیو ایم کے رہنماہ فاروق ستار نے جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے سیاسی و عسکری قیادت کو مبارکباد دی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ثابت کیا پاکستان عالمی امن کا اہم ستون بن چکا ہے۔
وزیر ریلویز حنیف عباسی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کو جنگ بندی ممکن بنانے میں اہم قرار دیا اور اسے خطے میں پائیدار امن کی جانب سنگ میل کہا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان نے موثر سفارتکاری کے ذریعے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور عالمی سطح پر مثبت مثال قائم کی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جنگ بندی میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا کلیدی کردار رہا، عالمی میڈیا بھی پاکستانی قیادت کو نمایاں طور پر سراہ رہا ہے۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ دانشمندی ہے اور یہ پیشرفت خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گی۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کشیدگی میں پاکستان نے غیر جانبدار سہولت کار کا کردار ادا کیا جس سے ملک کی عالمی ساکھ مضبوط ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ سیز فائر مستقل ثابت ہوگا، انہوں نے اس سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنیوالے تمام فریقین کو خراجِ تحسین پیش کیا او ر حکومت سے توقع ظاہر کی کہ عالمی حالات میں بہتری کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آئیگی۔


