یروشلم (شِنہوا) اسرائیل نے امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کیا ہے تاہم شرط عائد کی ہے کہ ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کھولے اور امریکہ، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر تمام حملے بند کرے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو ہفتوں کی یہ جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوتی، اس لئے لبنان میں اسرائیلی حملے جاری رہ سکتے ہیں ۔
3مارچ سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید اور مہلک جھڑپیں جاری ہیں جن میں اسرائیل نے جنوبی لبنان اور بیروت میں بڑے پیمانے پر بمباری کے ساتھ جنوبی علاقوں میں زمینی کارروائیاں بھی کی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل امریکہ کی اس کوشش کی بھی حمایت کرتا ہے کہ ایران مستقبل میں امریکہ، اسرائیل، عرب ہمسایہ ممالک اور دنیا کے لئے جوہری، میزائل اور دہشت گردی کا خطرہ نہ رہے۔
بیان کے مطابق امریکہ نے اسرائیل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ مذاکرات میں ان اہداف کے حصول کے لئے وہ پرعزم ہے جو امریکہ، اسرائیل اور اسرائیل کے علاقائی اتحادیوں کے مشترکہ مقاصد ہیں۔


