ہومانٹرنیشنلجنگ کا 39واں روز، اسرائیلی جارحیت جاری، ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر...

جنگ کا 39واں روز، اسرائیلی جارحیت جاری، ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری

اسرائیل نے جنگ کے 39ویں روز بھی جارحیت جاری رکھی اور ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری کی ہے جس سے تہران میں ایک یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ ہو گئی ہے جبکہ ایران نے بھی جوابی حملوں میں امریکی تنصیبات اور اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس کیساتھ واقع ایک یہودی عبادت گاہ بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، رپورٹ کے مطابق حملہ تہران کے مرکزی علاقے میں کیا گیا جہاں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تاہم اسکے قریب واقع یہودی عبادت گاہ بھی زد میں آ کر تباہ ہو گئی ہے، علاقے کی تنگ گلیوں کے باعث قریبی عمارتوں کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، تاحال حملے میں جانی نقصان کی کوئی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ایرانی نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری ویڈیوز میں تباہی کے مناظر اور امدادی کارکنوں کو ملبہ ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کا سب سے بڑا پیٹرو کیمیکل پلانٹ تباہ کر دیا ہے، پاسداران انقلاب کا مالیاتی نظام منظم طور پر ناکارہ بنا رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ ایران کے دو بڑے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایران کی 85 فیصد سے زیادہ پیٹرو کیمیکل برآمدات غیر فعال ہو گئی ہیں۔

ادھر سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیئے گئے ہیں، گرنے والے ملبے سے ہونیوالے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی سرزمین اور اہم تنصیبات کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں ایران نے کویت میں امریکی بیس پر حملہ کردیا ہے جس کے نتیجے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوگئے ہیں، سی بی ایس نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کویت کے علی السالم ائیر بیس پر حملہ رات گئے کیا گیا۔

ادھر اسرائیلی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 107اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک 7ہزار سے زائد اسرائیلی فوج زخمی ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب تہران اور اسکے مغرب میں واقع شہر کرج کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع اب تک موصول ہوئی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں