بھارت میں حراست کے دوران باپ بیٹے کی ہلاکت کے کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 9 پولیس اہلکاروں کو سزائے موت سنا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ 2020میں جنوبی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں 58 سالہ پی جے یاراج اور انکے 38سالہ بیٹے بینکس کو کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا، دونوں پر الزام تھا کہ انہوں نے موبائل فون کی دکان مقررہ اوقات کے بعد کھلی رکھی۔
عدالتی فیصلہ کے مطابق دوران حراست دونوں افراد کو برہنہ کر کے ایک دوسرے کے سامنے بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث چند روز بعد جیل میں ہی انکی موت واقع ہو گئی۔
جج نے ریمارکس دئیے کہ یہ اختیارات کا کھلا ناجائز استعمال تھا اور اہلکاروں نے یہ کارروائی قتل کی نیت سے کی، کیس میں مجموعی طور پر 10 پولیس اہلکار گرفتار کئے گئے تھے تاہم ایک ملزم 2020 میں ہی کورونا کے باعث ہلاک ہو گیا تھا جبکہ باقی 9 کو گزشتہ ماہ قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور اب انہیں سزائے موت سنائی گئی ہے، مجرم اہلکاروں کو فیصلے کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔


