وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر جلد فعال کرنے کیلئے تعمیر 3 شفٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پیر کو نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کیا۔
وزیراعلی نے ہسپتال کی جلد تکمیل کیلئے تعمیراتی کام تین شفٹوں میں مکمل اور منصوبے کی ہر اینٹ، ہر بلاک و ہر مشین کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے معیار و مریضوں کی سہولت کیلئے جدید ترین اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مرکزی داخلی ہال، ریڈیالوجی، میموگرافی سوئٹ، سی ٹی سکین روم سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا، اس کے علاوہ ریڈی ایشن تھراپی، ٹریٹمنٹ پلاننگ روم، سیمولیٹر، سیمینار ایریا اور مریضوں کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ سیٹنگ روم اور اے ایچ یو روم کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلی نے ہسپتال کے ڈین، ڈائریکٹر اور دیگر اہم آسامیوں پر بہترین پروفیشنلز تعینات کرنے کی ہدایت کی۔
حکام کے مطابق ادارے کیلئے 219آسامیوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے جن میں سے 32 امیدوار منتخب کئے گئے ہیں جبکہ مزید 415آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے جس کا آئندہ ہفتے اشتہار جاری کیا جائے گا۔


