ایران کے نائب صدر رضا عارف نے ٹرمپ کی دھمکی پر کہا ہے کہ دوسروں کو دھمکانے والا خود پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے۔
نائب صدر رضا عارف نے کہا ہے کہ ٹرمپ ایران کو پاور پلانٹ اور پل تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ ایران نے دبائو کے باوجود تعمیر و ترقی کے راستے کا انتخاب کیا۔
ادھر ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ غلطی نہ کریں، جنگی جرائم کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے، خطرناک کھیل کو ختم کیا جائے، ٹرمپ کے غیرذمہ دارانہ اقدامات ہر امریکی خاندان کو زندہ جہنم میں دھکیل رہے ہیں، پورا خطہ جلنے والا ہے کیونکہ تم نیتن یاہو کے احکامات ماننے پر مصر ہو، واحد حل ایرانیوں کے حقوق کا احترام ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خودمختاری کے دفاع کیلئے اپنی پوری طاقت سے تیار ہیں، ٹرمپ کے بیانات جنگی جرائم پر اکسانے کے مترادف ہیں، ایران کی توانائی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی ناقابل قبول ہے، سخت جواب دیا جائیگا۔
ایران کے سابق وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا بیان گستاخانہ اور اشتعال انگیز ہے، ایران اپنا دفاع کریگا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیگا، امریکا اسرائیل نے جنگ کا آغاز ہی ایک جنگی جرم سے کیا اور سکول کے 170بچوں کو نشانہ بنایا، ٹرمپ نے پاگل پن اور گھٹیا زبان میں مزید جنگی جرائم کی دھمکی دی۔


