وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائیگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو دن قبل ہدایت دی تھی کہ کرایوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہئے جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام اور ٹرانسپورٹرز سے ملاقاتیں کیں، ٹرانسپورٹرز نے تعاون کا یقین دلایا ہے، اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ 28 فروری کے کرائے ہی برقرار رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو ہونیوالے اضافی اخراجات پورا کریگی اور رجسٹرڈ بسوں کو ایک لاکھ روپے فی بس وفاق کی جانب سے صوبائی حکومت فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں سرکاری بسوں کی تعداد 470 جبکہ مجموعی طور پر 11ہزار بسیں چل رہی ہیں اور ان اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو ٹرانسپورٹرز رجسٹرڈ نہیں اور ازخود کرایہ بڑھائینگے تو ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی، غیر رجسٹرڈ ٹرانسپورٹرز کو رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انہیں سبسڈی دی جا سکے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی دینا زیادہ موثر ہے کیونکہ اس سے براہ راست غریب طبقے کو فائدہ پہنچتا ہے، جو افراد آن لائن کھانا منگواتے ہیں وہ غربت کی لکیر سے اوپر ہوتے ہیں اور آن لائن رائیڈرز کا کرایہ بھی وہی لوگ ادا کرتے ہیں جو یہ سہولت استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے پروٹوکول کی ویڈیوز بنا کر عوام کے سامنے رکھیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔


