ہومپاکستانوزیراعظم سے صدر عالمی بینک کی ملاقات، حکومتی اصلاحاتی کوششوں کی تعریف،...

وزیراعظم سے صدر عالمی بینک کی ملاقات، حکومتی اصلاحاتی کوششوں کی تعریف، تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور عالمی بینک نے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا ہے کہ بروقت اور بڑے پیمانے پر نتائج کے حصول کیلئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک سے ہم آہنگ ترجیحات پر تیز رفتار عملدرآمد و موثر نگرانی یقینی بنائی جائے، حکومت روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے جیسی جامع انتظامی اصلاحات پر کاربند ہے۔

پیر کو وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی جس میں کنٹری پارٹنرشپ فریم وررک پر عملدرآمد سے متعلق ترجیحات پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے اجے پال بنگا کا عالمی بینک کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی و اصلاحات میں عالمی بینک گروپ کی اہم معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے 10سالہ عالمی بینک گروپ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کیلئے جامع، کثیرجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دیئے گئے اصلاحاتی پروگرام پر پوری تندہی سے عمل پیرا ہے۔

وزیراعظم نے مضبوط انفراسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی، انسانی وسائل، مالیاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے عالمی بینک گروپ کی معاونت کو سراہا۔

شہباز شریف اور اجے بنگا نے اس بات پر زور دیا کہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک سے ہم آہنگ ترجیحات پر تیز رفتار عملدرآمد اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بروقت اور بڑے پیمانے پر نتائج حاصل کئے جا سکیں، یہ اقدامات ترقیاتی منصوبوں میں عملدرآمد کی رکاوٹوں کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کے وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایسی جامع انتظامی اصلاحات پر کاربند ہے جو روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دیں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں۔

اس موقع پر صدر عالمی بینک گروپ اجے بنگا نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا اور ون ورلڈ بینک گروپ کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہداف کے حصول کیلئے ترقیاتی شراکت داروں کیساتھ قریبی ہم آہنگی کیساتھ نجی وسائل کے موثر استعمال میں اضافہ ناگزیر ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں