ٹینس کے عالمی نمبر ایک سپین کے کارلوس الکاراز نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو شکست دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق راڈ لیور ایرینا میں الکاراز نے نوواک جوکووچ کو چار سیٹس پر مشتمل سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر نہ صرف آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ سب سے کم عمر میں کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنیوالے مرد کھلاڑی بھی بن گئے، اب انکی نظریں باقی گرینڈ سلیم مقابلوں میں فائنل تک پہنچنے پر مرکوز ہیں۔
کارلوس الکاراز کا کہنا ہے کہ 22برس کی عمر میں چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت لینے کے باوجود انکے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی، اگرچہ ان کے اہداف کی فہرست اب بھی طویل ہے تاہم وہ خود پر یہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے کہ اسی سال تمام بڑے ٹورنامنٹس جیتنے کی کوشش کریں۔
الکاراز کا کہنا ہے کہ ایک ہی سال میں چاروں گرینڈ سلیم جیتنا بڑا چیلنج ہے، وہ ایک وقت میں ایک ٹورنامنٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور اس وقت انکی توجہ فرنچ اوپن پر ہے جہاں کی یادیں ان کیلئے خاص ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے مکمل تیاری، محنت اور بحالی پر توجہ دینگے تاکہ اگلے گرینڈ سلیم میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔


