ہومپاکستانوزیراعظم نے آبی ذخائر کا تحفظ قومی، ماحولیاتی و سماجی فلاح کیلئے...

وزیراعظم نے آبی ذخائر کا تحفظ قومی، ماحولیاتی و سماجی فلاح کیلئے ناگزیر قرار دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے آبی ذخائر کا تحفظ قومی، ماحولیاتی و سماجی فلاح کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبی ذخائر کا تحفظ محض موسمیاتی تغیر سے بچاؤ کیلئے ماحولیاتی فریضہ نہیں، یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کا ضامن بھی ہے، پاکستان پانی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہوئے مسترد کرتا ہے۔

آبی ذخائر کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور اقوام عالم کو آبی ذخائر کے دیرپا تحفظ اور موثر انتظام کے عزم کے اعادہ کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا رواں سال یہ عالمی دن آبی ذخائر اور روایتی علم، ثقافتی ورثے کی پاسداری کے نہایت موزوں عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو ہمیں آبی ذخائر کے ثقافتی پس منظر اور ان کی اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1971ء کے آبی ذخائر کے عالمی معاہدے کا رکن ہے جس کے تحت نوع انسانی کیلئے آبی ذخائر کے استعمال اور ان کے وسائل کے تحفظ کو اجاگر کیا جاتا ہے، یہ عالمی دن اسی معاہدے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابل بھروسہ آبی ذخائر کسی بھی ملک کیلئے شدید ماحولیاتی و معاشی مسائل سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کرنے کیساتھ خشک سالی، سیلاب اور شدید موسمیاتی تغیر سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آبی ذخائر، بشمول جھیلیں اور گلیشیرز، اندرونی آبی ذخائر اور ساحلی و مینگروو نظام، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی تغیر سے بچاؤ اور پانی کے موثر نظم و نسق کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں کیلئے آبی ذخائر ذریعہ معاش اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ ہیں جبکہ آبی ذخائر میں کمی لوگوں کے روزگار میں کمی، قومی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں اضافے اور سیلاب و خشک سالی جیسی صورتحال کا سبب بن سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبی ذخائر کا تحفظ محض موسمیاتی تغیر سے بچاؤ کیلئے ایک ماحولیاتی فریضہ نہیں بلکہ یہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر سماجی فلاح و بہبود کا ضامن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انڈس واٹرز ٹریٹی 1960ء کے مکمل اور منصفانہ نفاذ پر یقین رکھتا ہے اور پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہوئے بھرپور انداز میں مسترد کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عالمی سطح ممالک کے درمیان آبی ذخائر کے منصفانہ، قانونی اور پرامن استعمال کے فروغ کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ ہم نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی سطح پر بھی آبی ذخائر کو اپنا بیش قیمت قومی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی اثاثہ سمجھتے ہوئے اس کے تحفظ کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں