ایران نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے یورپی افواج کو دہشتگرد قرار دیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد کے ذریعے یورپی یونین کے رکن ممالک کی افواج کو باقاعدہ طور پر دہشتگرد گروہ قرار دیدیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے ردعمل میں کیا گیا ہے، پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سبز فوجی وردیاں پہن رکھی تھیں، اراکین نے امریکا، اسرائیل اور یورپ کیخلاف نعرے بھی لگائے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کے فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوابی قانون کے آرٹیکل 7کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشتگرد گروہ تصور کیا جائیگا، پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر بھی غور کریگی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائیگا۔
میڈیا کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری عملی اثرات کیا ہونگے۔


