ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ سینیٹ میں ہنگامے یا سیاسی لشکر کشی کی اجازت نہیں دی جائیگی، میری رولنگ کسی سیاسی جماعت یا فرد کیخلاف نہیں، پارلیمنٹ میں جمہوریت، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے بات کرنا ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جمہوری انداز میں بات کی جانی چاہئے، ہم نے سینیٹ کو آئین اور قانون رولز کی روح کے مطابق چلانا ہے، سینیٹ اجلاس میں بطور قائم مقام چیئرمین رولنگ دی، میری رولنگ کسی سیاسی جماعت یا فرد کے خلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سینیٹ میں تمام پارلیمانی لیڈرز کو خطوط ارسال کئے ہیں، اس حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں تصاویر اور بینرز لا کر ڈیکورم خراب نہ کیا جائے، جتھے لانا یا لشکر کشی کرانا یہ سینیٹ میں نہیں ہو سکتا، آج ہم حکومتی بینچز پر ہیں تو کل کوئی اور جماعت ہوگی، ہمیں پارلیمنٹ میں جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے بات کرنا ہوگی۔


