پاکستان اور یمن نے دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون مضبوط اور رابطہ سازی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیر تجارت جام کمال سے یمنی سفیر محمد مطہر الاشعبی نے ملاقات کی جس میں دوبرطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے پاک یمن دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار، دونوں ممالک نے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور رابطہ سازی بڑھانے پر اتفاق کیا۔
یمنی سفیر نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور تجارتی روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تقریبا 300یمنی طلباء کا پاکستان میں تعلیم کا حصول دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی روابط کی واضح مثال ہے۔
وفاقی وزیر نے یمن کی جانب سے دوطرفہ معاہدوں کو فعال کرنے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا اور خطے کے قریبی ممالک کیساتھ تجارت بڑھانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے جہازوں اور فیری پر مبنی کم لاگت شپنگ سروسز کے آغاز پر غور کیا جا رہا ہے جس سے علاقائی تجارت کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایس ایم ایز یمن، صومالیہ، ایتھوپیا اور عمان جیسے قریبی ممالک کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔


