راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میجر طفیل محمد شہید (نشان حیدر) کو 67 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کیلئے شہید کی شجاعت آنے والی نسلوں کیلئے باعث فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے سابق مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف جرات و بہادری کی بے مثال داستان رقم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا،زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے دشمن کے خلاف لڑائی جاری رکھی اور مشن کو کامیابی سے مکمل کیا، ان کے عظیم کارنامے پر قوم نے انہیں نشانِ حیدر جیسے اعلی ترین اعزاز سے نوازا۔
افواج پاکستان کے سربراہان نے کہا ہے کہ میجر طفیل شہید اور تمام شہدا کی قربانیاں قوم کا سرمایہ افتخار ہیں،ان کی جرات، ایثار اور وطن سے محبت آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں، وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے والے یہ عظیم سپوت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج نے کہا کہ ہم ان تمام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمارے لئے امن، استحکام اور آزادی کی ضمانت ہیں۔