پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کامیاب عملدرآمد پاکستان اور چین کے درمیان لازوال اور سدابہار اسٹریٹجک تعلق کا ایک واضح اور ٹھوس ثبوت ہے۔
حال ہی میں سی پیک منصوبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانی اور چینی عملے کی سالانہ تقسیم ایوارڈ تقریب 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوطرفہ اعتماد پر قائم یہ شراکت داری باہمی تعاون سے مزید مضبوط ہوئی ہے جبکہ مشترکہ خوشحالی کے عزم سے اِسے مزید تقویت مل رہی ہے۔
یہ تقریب دونوں ممالک کے اُن ماہرین کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی تھی جو پاکستان میں سی پیک منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
پاکستان کی معیشت کی بحالی میں سی پیک کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس منصوبے نے پاکستان کی توانائی سلامتی، انفراسٹرکچر اور باہمی رابطوں کو مضبوط کیا ہے اور جدید اقتصادی ڈھانچے کی بنیاد بھی رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جو کہ انفراسٹرکچر کی ترقی سے صنعت کاری، جدت اور جامع ترقی کی جانب منتقلی کا مرحلہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور سی پیک کے جدید ورژن 2.0 کو امید، جدت، مواقع اور خوشحالی سے بھرپور راہداری میں تبدیل کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ دونوں ممالک نے سال کے شروع سے ہی ترقی کے سفر کا ایک اچھا آغاز کر دیا ہے جس میں ہر سطح پر قریبی تبادلے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مشترکہ مستقبل کے تصور کی حامل چین پاکستان کمیونٹی کے قیام کے عملی منصوبے پر مکمل عملدرآمد کو فروغ دے گا اور سی پیک کے جدید ورژن 2.0 کو تکمیل تک پہنچانے کا عمل تیز کرے گا۔
اسلام آباد سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
پاکستان میں سی پیک منصوبوں میں نمایاں کارکردگی پر عملے میں ایوارڈ تقسیم
تقریب پاکستانی اور چینی عملے کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہوئی
وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ایوارڈ تقسیم کئے
سی پیک پاکستان اور چین کے لازوال اور سدابہار تعلق کا عکاس ہے
احسن اقبال نے سی پیک کی کامیابی کومضبوط شراکت داری کا ثبوت قرار دیا
سی پیک سے توانائی سلامتی، انفراسٹرکچر اور رابطوں کو استحکام ملا
منصوبہ جدید اقتصادی ڈھانچے کی بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوا
سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت کاری اور جدت پر توجہ مرکوز
دونوں ممالک نئے مرحلے کو مواقع اور خوشحالی کی راہداری بنانے کے لئے پُرعزم
چینی سفیر کے مطابق ترقی کے سفر کا نیا مرحلہ بہترین انداز میں شروع ہوا
فریقین مشترکہ مستقبل کی تشکیل کے لئے مل کر کام کریں گے
سی پیک کے جدید ورژن 2.0 کو مکمل کرنے کا عمل مزید تیز کیا جائے گا


