راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روک نہیں سکتی، عوام کا جوڈیشل سسٹم پر اعتماد ختم ہو چکا، اگر ہم نے جرم نہیں کیا تو انصاف دیں ، مجرم ثابت ہوں تو سزا دیدی جائے۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہمارے خلاف کئی کیسز ہیں جو سب ناجائز ہیں، قتل کیس میں میرے وارنٹ گرفتاری نکالے گئے ہیں، عبوری ضمانت نہیں کراؤں گی ، جب گرفتاری کرنا ہوگی یہ کر لیں گے، میرا جرم یہ ہے میں عمران خان کا پیغام عوام میں لاتی ہوں، کیا عمران خان کا پیغام باہر لانا جرم ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ جج سے بھی کہیں گے کہ آپ کی مجبوری ہے، مجبوری میں کب تک ایسا کریں گے؟، کب تک ہمیں انصاف نہیں دیں گے ؟، غلط کیسز باہر پھینکیں، آپ ہیرو بنیں گے، قوم آپ کے ساتھ ہوگی، ہم مقدمات میں کبھی پنڈی کبھی جا رہے ہیں، جرم نہیں تو ہمیں انصاف دیں، جرم ہے تو سزا دے دیں۔انہوں نے کہا کہ غریب آٹھ ،نو گھنٹے سفر کر کے آتے ہیں، ان کی مدد بھی کرتے ہیں، ایک دفعہ سب کو بلا کر جرم ہے تو ثابت کرا دیں یا انہیں چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جوڈیشل سسٹم پر اعتماد ختم ہوگیا ہے، ججز اسے بحال کریں۔انہوں نے کہا کہ آزادی ایک دن میں نہیں ملی تھی ، 25لاکھ افراد نے اس کیلئے قربانیاں دی تھیں، عمران خان اپنی آزادی نہیں، قوم کی آزادی چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 14 اگست کو بھی ہم سیاسی قوت مظاہرہ کریںگے۔
انہوں نے کہا کہ قاسم اور سلیمان کے پاس نائیکوپ ہے کارڈ نہیں، برٹش پاسپورٹ پر دونوں نے ویزا کیلئے اپلائی کر دیا ہے، انہیں پاکستان آنے سے حکومت نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہا کہ ویزا کیلئے آج پھر ہم ایمبیسی سے رابطہ کریں گے، ویزا نہیں دیں گے تو سلمان اور قاسم مزید کوشش کر لیں گے، کارڈ کیلئے اپلائی کیا تو حکومت 6ماہ لگا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری سے بھی ویزا کیلئے رابطہ کر لیں گے تاہم وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ ہمارا نہیں وزارت خارجہ کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قوم نے 5 اگست کو خوف کے بت توڑ دیئے ہیں۔


