تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے اپنی عسکری حکمت عملی میں مزید جارحانہ صلاحیتوں کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا ہے کہ نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران کو دشمن کی سرزمین تک کارروائی کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا کہ پاسداران انقلاب کو اپنی عسکری صلاحیتیں اس سطح تک لے جانے کا حکم دیا گیا ہے کہ جنگ صرف ایرانی سرحدوں تک محدود نہ رہے بلکہ اسے مخالف کے علاقے تک لے جانے کی استعداد بھی موجود ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی میں یہ صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور پاسداران انقلاب کو اس مقصد کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ضرورت کے وقت کارروائی کی جاسکے۔
بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا فوجی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے تقریباً 100 گنا زیادہ ہے تاہم ان کے بقول حالیہ تنازع میں دشمن کے تمام 14 اہداف ناکامی سے دوچار ہوئے۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ نئے ڈاکٹرائن کا مقصد ایران کو ایسی فوجی پوزیشن میں لانا ہے جہاں وہ صرف اپنے دفاع تک محدود نہ رہے بلکہ ممکنہ جنگ کو مخالف کے علاقے تک لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔


