پاناما (لارڈ میڈیا) امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے لاطینی امریکی ممالک پر مشتمل امریکاز کاؤنٹر کارٹیل کولیشن کے رکن ممالک سے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے علیحدگی اختیار کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پاناما میں خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ نے آئی سی سی کو قومی خودمختاری کو متاثر کرنے اور حکومتوں اور ملکی عدالتوں کے اختیارات میں مداخلت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے اتحادی ممالک کو زور دیا کہ وہ آئی سی سی کی جانب سے مداخلت کو مسترد کریں اور عدالت سے دستبردار ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کو اپنی خودمختاری، قومی دفاع اور اپنی افواج کے استعمال سے متعلق فیصلے خود کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔
امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ حکومتوں کو غیر منتخب بین الاقوامی بیوروکریٹس کے بجائے اپنے عوام اور آئین کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے نومبر 2024 میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے، جس کے بعد واشنگٹن کی جانب سے آئی سی سی پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔


