بیجنگ (شِنہوا) چینی حکام نے جمعرات کے روز قدرتی آفات سے متعلق مرکزی امدادی فنڈز سے 8 کروڑ یوآن (تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ امریکی ڈالر) 3 صوبوں میں سیلاب اور ارضیاتی آفات سے نمٹنے کی امدادی کوششوں کے لئے مختص کئے ہیں۔
وزارت خزانہ اور وزارت ہنگامی انتظام کی جانب سے مشترکہ طور پر مختص کئے گئے یہ فنڈز سال کے 13ویں طوفان ڈولفن کے اثرات کے بعد چین کے وسطی صوبوں ہینان اور ہوبے اور چین کے مشرقی صوبے آنہوئی میں ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔
ڈولفن کے باقی ماندہ اثرات کے باعث ہوانگ ہوائی، جیانگ ہان اور جیانگ ہوئی علاقوں کے بعض حصوں میں شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں شدید سیلاب اور ارضیاتی آفات رونما ہوئیں۔
یہ فنڈز بنیادی طور پر ہنگامی امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لئے استعمال کئے جائیں گے، جن میں متاثرہ باشندوں کو بچانا اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنا، خطرات کا خاتمہ اور ان میں کمی لانا اور تباہ یا منہدم ہونے والے مکانات کی بحالی شامل ہے۔


