واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔
عالمی معیار کے برینٹ خام تیل اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتیں 13 جولائی کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی کے بعد اس کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 5 فیصد سے زائد سستا ہو کر تقریباً 76 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
یہ نمایاں کمی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے ان بیانات کے بعد سامنے آئی جن میں کہا گیا کہ ایران اور عمان کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت جلد بحال ہونے کی امید ہے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے تاہم ابھی کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی کہا کہ معاہدہ منگل یا بدھ تک طے پانے کا امکان ہے۔
تاہم، ممکنہ معاہدے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور ایران نے بھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا اور ایران کے مذاکرات کی کوششیں ناکام رہی ہیں جس کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ رہا۔


