ہومUncategorizedایران، عمان آبنائے ہرمز کھولنے کے مجوزہ معاہدے کے قریب

ایران، عمان آبنائے ہرمز کھولنے کے مجوزہ معاہدے کے قریب

تہران (لارڈ میڈیا): ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کے مجوزہ معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخل ہونے والے تجارتی جہاز ایران کے زیرِ انتظام بحری راستے سے گزریں گے جبکہ خلیج سے باہر آنے والے جہاز عمان کے زیرِ انتظام راستے کو استعمال کریں گے۔

دونوں ممالک بحری سلامتی، رہنمائی اور سمندری ماحول کے تحفظ کی خدمات کے عوض سروس فیس وصول کریں گے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات ابھی جاری ہیں اور حتمی معاہدے کی شکل میں تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔

ایک علاقائی ذرائع نے بتایا کہ اس مجوزہ معاہدے کو ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔ اگر امریکا ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادہ ہوتا ہے تو معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی مذاکرات میں پیش رفت کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔

عالمی شپنگ کمپنیوں نے امن مذاکرات کے باوجود محتاط رویہ برقرار رکھا ہوا ہے۔ بحری ٹریفک کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد معمول سے کم ہے جبکہ حالیہ حملوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث کئی جہاز متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل ہوتی ہے۔ اگر ایران، عمان اور دیگر متعلقہ فریق کسی قابلِ قبول معاہدے پر پہنچ جاتے ہیں تو عالمی تجارت بحال ہوگی اور تیل کی قیمتوں میں استحکام کا امکان ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں