ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب نے پاکستان سمیت چار ممالک کے عمرہ زائرین کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت کھانے کی فراہمی کے لیے لازمی کیٹرنگ فیس عمرہ ویزا فیس میں شامل ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے زائرین کو منظم اور معیاری کھانے کی سہولت فراہم کرنا اور انتظامات کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ممکن ہوگا۔
نئی پالیسی یکم ربیع الاول سے نافذ العمل ہوگی اور ابتدائی طور پر پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر کے زائرین پر لاگو ہوگی، جبکہ بعد میں اس کا دائرہ کار دیگر ممالک تک بھی بڑھایا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت ہر زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال کی رقم نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کی جائے گی، جو عمرہ ویزا فیس میں شامل ہوگی۔
سعودی عرب نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 10 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کر دیا ہے، جس کے ذریعے زائرین منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔ ہر زائر کو ویزا جاری ہونے سے پہلے بی آر این مِیل کوڈ دیا جائے گا، جس کی مدد سے کھانے کا حصول ممکن ہوگا۔
نئے نظام کے باعث عمرہ پیکجز کی لاگت میں اضافے کا امکان ہے اور پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر کے ٹور آپریٹرز کو اپنے پیکجز میں کیٹرنگ چارجز شامل کرنے ہوں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کے اثرات عمرہ کمپنیوں اور زائرین دونوں پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔


