برمنگھم (لارڈ میڈیا): انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے فٹبالر جوڈ بیلنگھم کی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے خلاف بیٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ دونوں کھلاڑیوں کی ملاقات دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے دوران برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں ہوئی، جہاں عثمان طارق برمنگھم فینکس کی نمائندگی کر رہے تھے۔ مختصر سیشن میں بیلنگھم نے عثمان طارق کی اسپن بولنگ کے خلاف چند شاٹس کھیلے۔
چیلنج مکمل ہونے پر دونوں کھلاڑیوں نے خوشگوار انداز میں ملاقات کا اختتام کیا، جس کی ویڈیو کو کرکٹ اور فٹبال کے مداحوں نے خوب سراہا۔ مداحوں نے دونوں اسٹارز کی دوستانہ کیمسٹری کی تعریف کی۔
جوڈ بیلنگھم نے چند روز قبل عثمان طارق کی بولنگ کی ویڈیو پر ‘نائس’ لکھ کر ردعمل دیا تھا۔ ایجبسٹن میں یہ ملاقات کرکٹ اور فٹبال کے مداحوں کے لیے یادگار لمحہ ثابت ہوئی۔
اس موقع پر جوڈ بیلنگھم نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء سے بھی ملاقات کی، جس کی تصاویر اور ویڈیو فاطمہ ثناء نے انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ فاطمہ ثناء نے برمنگھم فینکس کی پہلی کامیابی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔


