مراکش (لارڈ میڈیا): مراکش کی خاتون فٹبالر فاتن بن عمر العزیزی اسپین کے علاقے سیوٹا پہنچنے کی کوشش کے دوران سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاتن بن عمر العزیزی، جو ماضی میں موغریب ایتلیٹیکو تطوان کی نمائندگی کر چکی ہیں، کی اچانک موت نے مراکش، خصوصاً طنجہ کے فٹبال حلقوں کو سوگوار کردیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فاتن العزیزی خطرناک سمندری راستے کے ذریعے سیوٹا جانے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم سفر کے دوران حادثے میں وہ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
حالیہ دنوں میں شمالی مراکش سے سیوٹا کی جانب غیر قانونی طور پر ہجرت کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں خراب سمندری حالات اور دیگر خطرات کے باعث متعدد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ فٹبالر کی وفات کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑیوں، دوستوں اور مراکش کی فٹبال برادری نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں محنتی، باصلاحیت اور خوش اخلاق شخصیت قرار دیا ہے۔


