اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصولی روکنے کے حکم میں توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ اضافی ٹول ٹیکس وصولی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران کیا گیا۔ سماعت کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا۔
جسٹس ارباب نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا انہیں جواب کی کاپی مل گئی ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ جی، ابھی فراہم کی گئی ہے لیکن وہ جواب کو پڑھ نہیں سکے ہیں۔
وکیل این ایچ اے نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کا ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے اور دونوں کیسز کو یکجا کرنے کی تجویز دی۔ تاہم جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ دونوں کیسز الگ ہیں۔
عدالت نے این ایچ اے کو بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس وصولی روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


