کراچی (لارڈ میڈیا) ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 254 روپے فی کلو مقرر کی ہے، لیکن ملک کے مختلف شہروں میں یہ قیمت زیادہ پر فروخت ہو رہی ہے۔ شہریوں نے سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب نہیں ہے اور مختلف علاقوں میں فی کلو ایل پی جی 340 سے 370 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
لاہور میں بھی یہی صورتحال ہے، جہاں مختلف علاقوں میں دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ اوگرا کی مقررہ قیمت کے مقابلے میں کئی مقامات پر ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے فی کلو قیمت 252 روپے مقرر ہونے کے باوجود ہول سیل مارکیٹ میں ایل پی جی 380 سے 420 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 120 روپے سے زائد اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث کھانا پکانے اور کاروباری سرگرمیوں کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


