کراچی (لارڈ میڈیا): شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک جبکہ 7 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم، موٹرسائیکلیں اور ایک کار برآمد کی گئی ہے۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق قائدآباد پولیس نے لانڈھی کی شیر پاؤ کالونی میں مسیح قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 25 سالہ کامران کے نام سے ہوئی۔
ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 کے خیابان عرفات پر مبینہ مقابلے کے بعد 3 زخمی ملزمان کو گرفتار کیا۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت 18 سالہ ساجد، 28 سالہ سعود اور 55 سالہ تنویر شہزاد کے ناموں سے کی گئی۔
شاہ فیصل پولیس نے ڈرگ روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 2 زخمی ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت 32 سالہ محسن اور 25 سالہ عمیر کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) پولیس نے شہید ملت روڈ پر ہل پارک کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 مبینہ ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ دونوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان کی شناخت محمد شہزاد اور شایان کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور ایک کار بھی برآمد ہوئی ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 19-B میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی ملزم کو گرفتار کیا۔ زخمی ملزم عبدال حافظ کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔


