کراچی (لارڈ میڈیا) سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم یونس خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہمیشہ کہا کہ مجھے رول دیں تو کام کرنے کا پورا موقع دیں، میرے ہاتھ نہ باندھے جائیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے واضح کیا کہ پی سی بی کے کئی چیئرمینز سے بات چیت ہوئی، لیکن میں نے کبھی پاور نہیں مانگی۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ چیئرمینز پی سی بی سے ہمیشہ یہی مطالبہ کیا کہ مجھے رول دیں تاکہ میں ٹیم بنانے کا کام کر سکوں، میرے لئے پاور یا پیکج سے زیادہ کام کی آزادی اور ڈیلیوری اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیکج کی بات ہوگی تو ٹیم کے سب سے کمزور پوزیشن والے کھلاڑی کے پیکج کی بات کریں گے۔
یونس خان نے پاکستان کرکٹ میں واپسی کے امکان پر کہا کہ کھلاڑیوں کو ذمہ داری نبھانی ہوگی، 2003 ورلڈکپ کے بعد سینئر کھلاڑیوں کے جانے پر ہم نے ذمہ داری اٹھائی تھی اور اگر کھلاڑی بڑا سوچیں گے تو نتائج بھی بڑے اور مثبت آئیں گے۔


